اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے نواجوان کمربستہ ہوجائیں اگلامیدان جلد لاہور میں لگے گا،جس کے لیے آزادی بس کو تیاری کا کہہ دیا گیا ہے، ملک کے نوجوان اب تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
بنی گالا میں نومنتخب سینیٹرزاور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ایم پی ایز کے اعزازمیں منعقدہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں دولت کے اثر ورسوخ کو پس پشت ڈال کر پارٹی پالیسی کے مطابق ووٹ دینے پر خیبرپختونخوا کے اراکین زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں ان کایہ اقدام نئے پاکستان کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
عمران خان نے کہاکہ قوم کی توقع تحریک انصاف سے وابستہ ہے جبکہ نوجوان تبدیلی کیلیے منتظر ہیں،تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جو ملک وقوم کومایوسیوں سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالنے کی اہلیت رکھتی ہے،عوام نیا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں چنانچہ تحریک انصاف کے کارکنان ایک نئی جدوجہد کیلیے کمربستہ ہو جائیں، تحریک انصاف مئی 2013 کے انتخابات میں کی جانے والی دھاندلی کی تحقیقات کیلیے پوری طرح پرعزم ہے،اگر حکومت معاملے کو مزید تاخیر کا شکار کرنے کی کوشش کرتی ہے تو ایک مرتہ پھر سڑکوں پر نکلیں گے اور اب کی بار لاہور کا رخ کریں گے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ دھاندلی کے ذریعے عوام پر مسلط ہونے والے حکمرانوں کو مزید مہلت نہیںدیں گے اور لاہورمیں تحریک کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، نو منتخب اراکین کو ایوان کے اندر عوامی حقوق کے حوالے سے موثر انداز میں آواز بلند کریں۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواپرویز خٹک نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر ونومنتخب سینیٹر سراج الحق بھی موجود تھے۔