لاہور (ویب ڈیسک)٭ ایک کو پکڑوسارے ڈاکو اکٹھے ہو جاتے ہیں۔(وزیراعظم عمران خان)۔ آپ سارے پکڑ لیں، تاکہ ایک بھی اکٹھا نہ ہو!٭بھارت دنیا میں تنہا ہورہا ہے ۔ (سابق وزیراعظم نواز شریف)۔ اور ہمیں اِس کی بڑی تکلیف ہورہی ہے !٭شہباز شریف اور زرداری کی جلد ملاقات ہوگی۔ (ایک خبر) جِس میں زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے کا شیڈول طے کیا جائے گا !٭بیشتر جج فیصلے انگریزی میں لکھتے ہیں۔ (سابق جسٹس جواد ایس خواجہ) شاید اِسی لیے بیشتر فیصلے غلط ہوتے ہیں! ٭مویشیوں کے لیے بیماریوں سے پاک زون قائم کریں گے۔ (وزیراعلیٰ پنجاب بزدار) ٭سارے کام اپنے لیے کریں گے یا کچھ عوام کے لیے بھی کریں گے؟؟؟!٭ہم آئین کے تحفظ کی قسم کھا چکے ہیں۔ (مولانا فضل الرحمن)کیونکہ ہمارے لیے قسمیں کھانا حلوہ کھانے کے مترادف ہے !٭سعودیہ سے غلط فہمیاں دور کرنے کا کریڈٹ جنرل باجوہ کو جاتا ہے ۔ (مولانا طاہر اشرفی)لہٰذا میں چاہتا ہوں موجودہ حکومت میں مجھے کوئی اہم عہدہ کا کریڈٹ بھی جنرل باجوہ کو جائے !٭پاکستان آنے والے دریاﺅں کا پانی بند کردیں گے۔ (بھارت) اور اِس کے بدلے میں پاکستان جو بند کردے گا ، وہ میں لکھ بھی نہیں سکتا! ٭خُداکی قسم میرے خلاف سارے کیس جھوٹے ہیں۔ (سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف) اور مزے کی بات یہ ہے میں خود بھی ایک ”کیس“ ہی ہوں! ٭نیب نے فردوس عاشق اعوان کے اثاثوں کی چھان بین شروع کردی۔ (ایک خبر) حالانکہ اُن کے اثاثوں کی چھان بین پہلے بھی کئی لوگ کرچکے ہیں!
٭حکومت سے معیشت نہیں سنبھالی جارہی۔ (مولانا فضل الرحمن) نہ مجھ سے پیٹ سنبھالا جارہا ہے !٭پاکستان کو اپنا گھر درست کرنا چاہیے۔ (نون لیگی سینیٹر مشاہد حسین) جبکہ مجھے اپنا آپ درست کرنا چاہیے! ٭شہباز شریف کی ضمانت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ (معاون خصوصی وزیراعظم نعیم الحق) کیونکہ یہ فیصلہ ہے کوئی عورت نہیں جِس کا ہم احترام نہ کریں! ٭بہت سے اہم لوگ نیب میں کیس ہونے کے باوجود اہم عہدوں سے چمٹے ہوئے ہیں۔ (وزیرقانون راجہ بشارت) اور میں خیر سے اُن ہی لوگوں کی سفارش سے وزیر بنا ہوا ہوں! ٭ہم بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔ (بلاول بھٹو زرداری) اِس مقصد کے لیے ہماری پارٹی نے اینٹیں اکٹھی کرنا شروع کردی ہیں! ٭اپوزیشن مجھ پر جادو کروا رہی ہے ۔ (فیاض الحسن چوہان وزیراطلاعات پنجاب) جِس کے نتیجے میں مجھے کوئی بوتل آج کل اچھی نہیں لگ رہی !٭شہباز شریف کے سرپر اب بھی اقتدار کا بھوت سوار ہے ۔ (شیخ رشید وفاقی وزیر ) جبکہ میرے سر پر صرف ”وگ“ سوار ہے !٭کالا باغ ڈیم کبھی نہیں بننے دیں گے۔ (اسفند یار ولی) لہٰذا حکومت صِرف ہماری کالی زبان پر گزارا کرے! ٭اربوں ڈالر ملنے کے باوجود عوام کو کچھ نہیں مِلا۔ (امیر جماعت اسلامی سراج الحق)
اور اس سے بھی زیادہ افسوس ناک بات یہ ہے ہمیں بھی کچھ نہیں مِلا!٭کارکردگی کے لحاظ سے مرادسعید کو بہترین وزیر قرار دے دیا گیا۔ (ایک خبر) کون سی کارکردگی کے لحاظ سے ؟؟؟! ٭اپوزیشن روز نئے نئے شوشے چھوڑتی ہے ۔ (وفاقی وزیر شیریں مزاری) اور میں روز کیا کیا چھوڑتی ہوں؟یہ میں بتا بھی نہیں سکتی! ٭جِس جِس نے کرپشن کی، سب جیل میں جائیں گے۔ کیونکہ ضمانت پر رہا یا بری وغیرہ ہونے کے لیے پہلے جیل جانا ضروری ہوتا ہے ! ٭سابق حکمران اتنا قرضہ نہ چھوڑتے تو لوگوں کو مفت حج کرواتا ۔ (وزیراعظم عمران خان) اور اِسی بہانے ایک آدھ حج خود بھی کرلیتا ! ٭وزیراعظم ہمیشہ اُدھورا سچ بولتے ہیں۔ (رہنما پیپلزپارٹی مولا بخش چانڈیو) اور ہماری خوبی یہ ہے ہم اُدھورا بھی نہیں بولتے! ٭قانون سے ہٹ کر فیصلے نہیں دے سکتے۔ (چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ) حالانکہ دِل ہمارا بہت کرتا ہے !٭ہماری حکومت بسنت کی اجازت نہیں دے گی۔ (وزیراعلیٰ پنجاب بزدار ) لہٰذا لوگوں کو چاہیے ہماری اجازت کے بغیر ہی منا لیں! ٭وزیراعظم اب حکومت میں ہیں اپنی تقریر بدل لیں۔ (سابق وزیر مریم اورنگزیب)اور اگر ہوسکے تو اپنا رویہ بھی بدل لیں! ٭بہت جلد حکومت کے خلاف دھرنا دُوں گا۔(مولانا فضل الرحمن)
اور اُنہی کے اشاروں پر دُوں گا جِن کے اشاروں پر خان صاحب نے دیا تھا !٭عمران خان کے پاس ہے کیا جو ہم اُن سے این آر او مانگیں ؟۔(خواجہ محمد آصف ) آپ نے اُن سے این آر او ہی مانگنا ہے ناں؟؟؟!٭نواز شریف نے کئی بار ڈیل ٹھکرائی۔ (مسلم لیگی رہنما مشاہد اللہ خان) کیوں ڈیل کم پیسوں میں ہورہی تھی ؟؟؟ ٭شہباز شریف کی ایمانداری کی گواہی ہائی کورٹ نے بھی دے دی ہے ۔ (مسلم لیگی ایم این اے احسن اقبال) اب ہائی کورٹ کی ایمانداری کی گواہی کون دے گا ؟؟؟!٭میرے استعفیٰ کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔(وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری) لہٰذا عوام کو فی الحال خوش ہونے کی کوئی ضرورت نہیں! ٭حکمران کسی بُھول میں نہ رہیں ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ (بلاول بھٹو زرداری) حالانکہ چوڑیاں پہننے کو میرا دِل بہت کرتا ہے !٭میں اپنی اصلی جماعت نون لیگ میں واپس آگیا ہوں۔ (زعیم قادری) کیونکہ کِسی اور جماعت نے مجھے بوٹ پالش کرنے کی اجازت نہیں دی! ٭سعودی شہزادے نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف میرے دِل کے قریب ہیں۔ (خواجہ محمد آصف) ممکن ہے اُن کے دِل نے یہ بھی کہا ہو دورہ پاکستان میں دونوں کو منہ نہیں لگانا !٭پاکستان کو قربانی کا بکرا نہیں بننے دیں گے۔ (وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر) چاہے اِس مقصد کے لیے ہمیں خود بکری کیوں نہ بننا پڑجائے!٭اداکارہ میرا کے گھر چوری ہوگئی۔ (ایک خبر) جس میں اُن کا دِل ایک بار پھر چُرالیا گیا ! ٭پنجاب میں ایک نااہل شخص کو وزیراعلیٰ بنادیا گیا۔ (ایم این اے حمزہ شہباز شریف) لہٰذا یہ سلسلہ چل نکلا ہے تو میری باری بھی آسکتی ہے!