راہ حسینیت کی پیروکار بیگم نصرت بھٹو کے گھر کے ہر فرد نے یزیدیت کو نہ صرف للکارا بلکہ اسکے سامنے سینہ سپر ہوگیا، زاہد عباس شاہ
برلن(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے صدر سید زاہد عباس شاہ نے بیگم نصرت بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ راہ حسینیت کی پیروکار بیگم نصرت بھٹو کے گھر کے ہر فرد نے یزیدیت کو نہ صرف للکارا بلکہ اسکے سامنے سینہ سپر ہوگیا اور راہ حق میں جان کی بازی لگا دی یقینا کمزور ایمان کی حامل خاتون کبھی بھی اپنے خاندان کو عوام کے حقوق اور جمہوریت کی خاطر نہیں لٹاتی اسکے لیے بڑا حوصلہ اور صبر وا ستقامت چاہیے جو اللہ تعالیٰ نے بیگم نصرت بھٹو کے نصیب میں لکھ دی تھی۔ کیونکہ وہ ایک شہید جناب ذوالفقار علی بھٹو کی بیوہ دو جوان شہدا بیٹوں اور شہیدِ جمہوریت کی ماں تھیں جس بیٹی کی آپ نے 1977میں بھٹو شہید کی حکومت کے خاتمے اور ان کی قید کے دوران کارکنوں کے ساتھ ساتھ رہنمائی فرمائی اوراس وجہ سے بیگم صاحبہ کو پارٹی چیرپرسن بنادیا گیا۔ جنہوں نے کمال صبر و استقامت سے ضیاءالحق کی آمریت کا مقابلہ کیا۔ اس کھٹن دور میں پارٹی رہنما یا تو بھٹو صاحب کا ساتھ چھوڑ چکے تھے یا بیرون ملک پناہ لے لی تھی مگر بیگم نصرت بھٹو نے غریب پارٹی کارکنوں کو تنہا نہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا اور فسطائیت کے خلاف مزاحمتی تحریک کی قیادت کی ۔ اسکے ساتھ ساتھ اسیر شوہر کے لیے آئینی و قانونی جنگ بھی لڑی۔