اسلام آباد: ملک کے ممتاز صحافی زاہد ملک جمعرات کو اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ زاہد ملک کچھ عرصے سے علیل تھے۔ وہ وزارت اطلاعات و نشریات میں جوائنٹ سیکریٹری کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔ انہوں نے 1978 میں اپنا اشاعتی ادارہ قائم کیا اور ایک درجن سے زائد کتابیں لکھیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی کاوشوں پر نادر ترین کتاب لکھی۔ زاہد ملک نے بیرونِ ملک متعدد موضوعات پر ایک سو سے زائد لیکچر دیے۔ تعلقاتِ عامہ پر ان کی کتاب کو 1979 میں رائٹرز گِلڈ نے پہلا انعام دیا۔ وہ نظریہ پاکستان کونسل اورانٹرنیشنل سیرت سینٹر کے بھی صدر رہے۔ ان کی صحافتی خدمات اور نظریہ پاکستان کے فروغ کے لیے یادگاری خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔