قصور میں مقتولہ زینب کے خاندان سے اظہار تعزیت اورافسوس جاری ہے۔ قصور میں مختلف شعبوں کی شخصیات نے مقتولہ زینب کے خاندان سے اظہارتعزیت کا سلسلہ آج بھی جاری رکھا۔اس موقع پر زینب کےوالد کا کہنا تھا کہ اُن کے خاندان کے کسی فرد کا ڈی این اے میچ نہیں ہوا۔ان کا مزید کہناتھاکہ بیٹی کے قتل کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہتے، وہ حکومت کی اعلی سطح تحقیقات سے مطمئن ہیں۔
زینب کے والد نے کہا کہ وہ انسانی بنیادوں پر اس کیس کا حل چاہتے ہیں، ڈاکٹر طاہر القادری کے دھرنے میں شریک نہیں ہوں گے۔ادھر پی ٹی آئی سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ ، پاکستان ملت پارٹی کےسربراہ عبدالحق اعوان، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین احسن بھون اورلاہورہائیکورٹ بار کےسابق صدر عابد ساقی نے زینب کے والد سے اظہار افسوس کیا۔وکیل رہنماؤں نے انہیں اپنے بھرپورتعاون اور کیس کی مفت پیروی کی پیش کش بھی کی۔مقامی ایم پی اے نعیم صفدر انصاری نے بھی عمرے سے واپسی پر امین انصاری سے تعزیت کی۔ان کا کہنا تھا کہ زینب کیس میں پولیس نے غفلت برتی، ان کے ڈیرے پر توڑپھوڑ بچی کی جان سے بڑی نہیں۔