اسلام آباد(ایس ایم حسنین) برطانیہ کی مسلم کونسل کے انتخاب میں خاتون امیدوار نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے پہلی خاتون سیکرٹری جنرل ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ زارا محمد برطانیہ کی سب سے بڑی مسلم امبریلا آرگنائزیشن سے وابستہ گروپوں کے پول میں سب سے زیادہ سے ووٹ حاصل کرنے کے بعد نئی سیکرٹری جنرل منتخب ہوئی ہیں۔میئر لندن صادق خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ زارا محمد کی تقرری شاندار ہے۔ انہوں نے میں زارا محمد کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں – وہ ملک بھر میں ہماری کمیونٹیز کی بہتری کیلئے اس تنظیم کو زیادہ بلندیوں تک لے جانے کا کام جاری رکھیں گی ۔ زارا محمد ہیومنرائٹس لا میں ماسٹرز گریجویٹ ہیں اور وہ ایک ٹریننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کنسلٹنٹ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقصد حقیقی معنوں میں ایک مشترکہ‘ متنوع اور نمائندہ تنظیم بنانے کیلئے کام جاری رکھنا ہے جو برطانوی مسلمانوں کی کی مشترکہ بھلائی کی ضروریات کیلئے کام کرے۔ اس سے قبل وہ ایم سی بی کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں ۔ اپنے انتخاب کے بعد ان کا کہنا تھا کہ بڑی مسلم تنظیم کے اس عہدے کیلئے میری تقرری باعث فخر ہے۔ وہ ہارون خان کی جانشین ہونگی جنہوں نے ایم سی بی کے سربراہ کی حیثیت سے زیادہ سے زیادہ چار سال کی مدت پوری کر لی ہے۔ گلاسگو سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ خاتون زارا محمد کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ وہ خواتین اور نوجوان کو زیادہ سے زیادہ قائدانہ کردار حاصل کرنے کیلئے متحرک اور متاثر کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں خواتین بعض اوقات قائدانہ کردار ادا کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہیں حالانکہ وہ اس منصب کیلئے زیادہ اہلیت بھی رکھتی ہیں ۔ زارا محمد نے کہا کہ یہ واقعی اہم ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ نوجوانوں اور خواتین کو کو شامل کریں اور ہم تنظیم اور اپنے کام کو زیادہ متنوع بنائیں ۔