اسلام آباد (یس ڈیسک) پاکستان کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن ضرب عضب اور افغانستان اور پاکستانی علاقوں میں بھارتی مذموم عزائم کو ناکام بنائے جانے نے بھارت کو سیخ پا کر دیا ہے اور بھارت کو پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہیں۔
کبھی بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پربلااشتعال فائرنگ کر کے اور اس کا الزام پاکستان پر لگا کر اپنے دل کی بھڑاس نکالنے میں مصروف ہے اور یہ بھی ایڈوانس پراپیگنڈا کر دیا کہ پاکستان بھارت پر بڑے دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ آپریشن ضربِ عضب جوں جوں کامیاب ہو رہا ہے، ملکی و بیرونی سطح پر پاکستانی افواج شاباش سمیٹ رہی ہیں، وہیں بھارت کا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا تیز ہو گیا۔
بھارتی ٹی وی زی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے سینئر حکام نے بتایا کہ دہشت گرد گروہ بین الاقوامی سرحد پر 8 مقامات پر بھارت داخل ہونے کے موقع کی تلاش میں ہیں۔
ان گروہوں کو پاک فوج کی پشت پناہی حاصل ہے۔ گزشتہ روز بھی بھارت کی جانب سے پاکستان سے آنے والی ایک چھوٹی کشتی کو تباہ کر کے پروپیگنڈا کیا گیا کہ اس میں دھماکا خیز مواد موجود تھا جسے بھارت میں دہشت گردی کے لئے استعمال کیا جانا تھا تاہم خود بھارتی میڈیا نے ہی بھارت کی نیوی کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔