نوڈیرو، لاڑکانہ: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پنجاب میں ایک ایسے انتخابی اتحاد کے تحت انتخابات لڑنے پر تیار ہو گئے جو پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان تیر کے سوا کسی اور انتخابی نشان پر الیکشن لڑیگا۔ اس اتحاد میں تحریک لبیک، پاکستان عوامی تحریک، مجلس وحدت المسلمین، مسلم لیگ ق اور سنی اتحاد کونسل شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وٹو کے مطابق پیپلزپارٹی کی پنجاب کی قیادت نے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو اس اتحاد کے تحت الیکشن لڑنے پر قائل کرنے کی کامیاب کوشش کی جس کے بعد شریک چیئرمین نے پارٹی کی پنجاب قیادت کو اپنی آمادگی سے آگاہ کر دیا تاہم ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری تیر کے نشان کے بغیر الیکشن لڑنے میں رکاوٹ ہیں۔ان کا خیال ہے کہ اگر ایک دفعہ اپنے انتخابی نشان تیرکے بغیر انتخابات میں چلے گئے تو پنجاب سے پیپلز پارٹی ختم ہو جائے گی جبکہ آصف علی زرداری کا نقطہ نظر یہ ہے کہ اس اتحاد کے تحت پیپلز پارٹی پنجاب سے زیادہ نشستیں جیت سکتی ہے۔