لاہور، نیویارک (اقبال کھوکھر) گلوبل کرسچن وائس امریکہ میں کام کرنے والی عالمی شہرت یافتہ ایک ایسی تنظیم ہے جو دنیا بھر میں ہونے والی غیرانسانی،غیراخلاقی اورغیر سماجی رویوں اورصورتحال میں امن ، سلامتی اور انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے سرگرم عمل ہے۔تھائی لینڈیادیگر ممالک میں سالم سیکرز کا مسئلہ ہو۔
قدرتی آفات درپیش ہو،مذہبی سانحات ہوں،معاشرتی غیریقینی صورتحال ہو، دنیا کے کسی بھی خطے میں انسانیت سوز مظالم ہوں”گلوبل کرسچن وائس” نے ہمیشہ اپنا ذمہ دارانہ کردارادا کرنے کی کوشش کی ہے۔گلوبل کرسچن وائس کی صدرمحترمہ زیبا گل ظلم کے اندھیروں میں امن واتحاد کا روشن علم بلند کئے ہوئے اتحاد ویگانگت اور انسانی ہمدردی کے جذبات رکھتی ہیں۔
جرات مندی کے ساتھ تمام ایشوز پرہر فورم پر صاف اور اصولی موقف اختیار کرتی اور بے آوازاں کی آواز بن جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔خدا نے انہیں خلوص، ہمدردی،انسان دوستی اوردیگر کئی نعمتیں بخشیں ہیں۔گزشتہ دنوں مورخہ15جون 2016کی شام نیویارک کے خوبصورت مقام ”رچی رچ پیلس”میں محترمہ زیباگل کی صدارت میں ”گلوبل کرسچن وائس” نے پاکستان مینارٹیز الائنس کے چیئرمین اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب طاہرنوید چوہدری کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کاانعقاد کیا۔
جس میں امریکہ میں مقیم تھنک ٹینکر،مسیحی کمیونٹی سے تعلقہ بزنس مین،سیاسی وسماجی شخصیات،بشپ جوناتھن رحمت،پاسٹر پرویز کھوکھر،پاسٹر اسلم ڈینیئل،پاسٹر ضیاء پال سمیت معتدد مذہبی رہنماء سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے منسلک خواتین و حضرات نے شرکت تقریب میں امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے علاقے اورلینڈ میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے 50 افراد کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔اس دوران اس واقعے کی پرزور مذمت کی گئی۔
گلوبل کرسچن وائس کے کوارڈینیٹر روحیل سیموئیل نے خوبصورت نظامت کے فرائض انجام دیے ۔معززمہمان کو خوش آمدیدکہتے ہوئے صدر ”گلوبل کرسچن وائس”محترمہ زیبا گل نے کہا کہ اس وقت بالعموم دنیا اور بالخصوص مسیحیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے اورایک دوسرے کو برداشت کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تمام مذہبی، سیاسی، سماجی اور کاروباری افرادکو متحد ہونے اورباہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی سوچ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔طاہر نوید چوہدری نے اتنی شاندار ضیافت کے اہتمام پرزیباگل اور جملہ عہدیداران وکارکنان کا شکریہ ادا کیا اور”گلوبل کرسچن وائس” کی سماجی وانسانیت کے حوالے سے تعمیری ومثبت سرگرمیوں کو سراہا۔
انہوں نے مسیحی برادری کے لئے اپنے سیاسی مستقبل اورلائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ماضی کی تلخ روایات کو فراموش کرکے آنے والی نسلوں کے لئے احسن ومثالی اقدامات کرکے جائیں تاکہ اپنے کاموں کی مناسبت سے پہچانے جائیں،زندہ رہیں۔آخر میں تمام شرکاء کی لذیذڈنر سے تواضع کی گئی۔