ہرارے : زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، دو ٹوئنٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز کیلیے وکٹ کیپر بیٹسمین رچمونڈ موتمبامی کی واپسی ہوئی ہے، انھیں بھارت کے خلاف ہوم سیریز میں مایوس کن پرفارمنس پر ڈراپ کردیا گیا تھا، گذشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں وکٹوں کی نگہبانی ریجس چاکابووا نے کی تھی مگر اب پھر گلوز موتمبامی کو تھمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان کے خلاف اسکواڈ میں فاسٹ بولر تاؤرائی موزارابانی کو بھی شامل کیا گیا ہے جوکہ اب تک تین ٹوئنٹی 20 میچز کھیل چکے لیکن ون ڈے ڈیبیو نہیں کیا ہے۔ پاکستان ٹیم 24 ستمبر کو ہرارے پہنچے گی جہاں پر پہلا ٹوئنٹی 20 تین دن بعد کھیلا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان تین ون ڈے میچز یکم سے پانچ اکتوبر کے دوران کھیلے جائیں گے۔
کنوینر آف سلیکٹرز کینون زیہلی کا کہنا ہے کہ ہم نے اسکواڈ کارکردگی کی بنیاد پر متنخب کیا جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں کپتان ایلٹن چگمبرا، چھامو چھیبابا، گریم کریمر، کریگ ایروائن، لیوک جونگوے، نویل مدزیوا، ہیملٹن مساکیڈزا، کرسٹوفر ایم پوفو، موتمبامی، موزارابانی، جان نیومبو، تناشے پانیانگرا، سکندر رضا، پراسپر اتسیا، میلکم والر اور سین ولیمز پر مشتمل ہے۔