آسٹریلوی حکومت نے کشتیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے تمام مہاجرین پر ایک قانونی ترمیم کے ذریعے تا عمر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
آسٹریلوی وزیر اعظم میلکم ٹرن بُل کی قدامت پسند حکومت نے کہا ہے کہ وہ رواں ہفتے ترک وطن سے متعلق ملکی قانون میں ترمیم کا ایک مسودہ پیش کرے گی، جس کے بعد وسط جولائی 2013 ءسے ناورُو اور پاپوا نیوگنی کے جزائر پر بنائے گئے حراستی کیمپوں میں پہنچنے والے پناہ گزینوں کے آسٹریلیا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
خواہ وہ قانونی طور پر آسٹریلیا کا ویزہ ہی کیوں نہ حاصل کر لیں۔ایسے افراد غیر ملکی سیاحوں کے طور پر یا کاروباری دوروں پر بھی آسٹریلیا آنے کے اہل نہیں ہوں گے۔
ٹرن بُل نے سڈنی میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’’جو لوگ انسانی اسمگلروں کی مدد سے کشتیوں کے ذریعے آسٹریلیا آنا چاہتے ہیں ، ان کے لیے ہمارے دروازے بند ہیں۔‘‘