لاہور (ویب ڈیسک) سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمان نے کہاہے کہ پاکستان کو امریکہ سے شکیل آفرید ی کے بدلے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کورہا کروا لینا چاہئے ،سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے فیصلے سے سٹیل مل اربوں کانقصان کرچکی ہے ، افتخار چودھری کے بعض فیصلے ایسے ہیں جن سے پاکستان کوعالمی سطح
پر نقصان پہنچا ۔نجی نیوز چینل کے پروگرام ”نقطہ نظر “ میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ امریکہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ شکیل آفریدی کے بدلے طے کیا جا سکتاہے ، صدر پاکستان شکیل آفریدی کی سزا معاف کردیں اور امریکی صدر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا معاف کردیں ، ہم کوشکیل آفریدی سے کیا لینا دینا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں روز جوکچھ ہورہا ہے ، ا س پر لوگ حیران ہیں کہ ہمارے منتخب کردہ نمائندے کبھی ڈھنگ کا کام بھی کریں گے کہ ثاثر یہی رہے گا ،شاہد خاقان عباسی نے فیصل واڈا کے والد سے متعلق بات کرکے کچھ تجاوز کیا ہے ، رانا ثناءاللہ نے قومی اسمبلی میں ریحام خان کی کتاب کے حوالے سے بات کی ہے، ایک دوسرے کے منہ پر کالک ملنے کیلئے کیچڑ دونوں اطراف کے پاس موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہرجگہ بے قاعدگیاں موجود ہیں جن کو بے ایمانی اور بد عنوانی نہیں کہا جا سکتا ، سٹیل مل اربوں ر وپے کانقصان کرچکی ہے ، چیف جسٹس افتخار چودھری کے کچھ فیصلے ایسے ہیں جنہوں نے پاکستان کوعالمی سطح پر نقصان پہنچایا ہے ، اس لئے عدالتوں کوحکومتوں کے فیصلوں میں سوچ سمجھ کر مداخلت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مظاہروں میں دیہاڑی دار لوگوں کو معاوضے پر لایا جاتاہے جو توڑ پھوڑ کرتے ہیں، عدلیہ کا احترام سزائیں دینے سے اجاگر نہیں ہوتا لیکن معاف کرنے کے اپنے فائدے ہیں ، اگر دھرنے کے دنوں میں سوشل میڈیا پر اداروں کے بارے میں بدکلامی کرنیوالوں کو ایک معذرت کے جملے پر معاف کیا جا سکتاہے تو پھر عامر لیاقت کے معاملے کوبھی دیکھ لینا چاہئے ۔