counter easy hit

حکومت کی کوششوں سے اب تک 8,700 سے زائد پاکستانی قیدی وطن واپس آ چکے ہیں، ہماری حکومت بیرون ملک قید پاکستانیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، زلفی بخاری

اسلام آباد(ایس ایم حسنین) حکومت بیرون ملک قید پاکستانیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، یہ سب پاکستانی ہیں خواہ ان سے کوئی غلطی ہوئی ہو یا نہیں، ہم انہیں وطن واپس لانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے تارکین وطن کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوششوں سے اب تک 8,700 سے زائد پاکستانی قیدی وطن واپس آ چکے ہیں، ہماری حکومت بیرون ملک قید پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں اپنے گھروالوں کے بغیر زندگی گزارنا آسان نہیں، ہم سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پنشن اور صحت کی سہولیات مہیا کرنے کا نظام لے کر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 سے اب تک دس لاکھ کے قریب پاکستانی روزگار کی تلاش میں دیگر ممالک کا رخ کر چکے ہیں۔ اس تقریب کا اہتمام جسٹس پراجیکٹ پاکستان کی جانب سے کیا گیا تھا۔ تقریب سری لنکا سمیت دیگر پاکستانی قیدیوں کی واپسی کی خوشی میں منعقد کی گئی تھی۔ رواں برس نومبر میں سری لنکا سے قیدیوں کے تبدالے کے معاہدے کے تحت 41 قیدی واپس آئے ہیں۔ اس معاہدے پر 2004 میں دستخط کیے گئے تھے۔ تقریب سے سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر سعد خٹک اور ہیومن رائٹس کمیشن سری لنکا کی سابق کمشنر امبیکا ستکنا ناتھن نے ویڈیو کے ذریعے خطاب کیا۔ تقریب میں اراکین پارلیمان اور غیر ملکی سفارت خانوں کا عملہ بھی شریک ہوا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جسٹس پراجیکٹ پاکستان سارا بلال نے بیرون ملک قید پاکستانیوں سے متعلق حکومت کے عزم اور اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کوششیں جلد رنگ لائیں گی۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website