اسلام آباد(ایس ایم حسنین)مشکل کی گھڑی میں پوری قوم کوہ پیما علی سدپارہ کے ساتھ کھڑی ہے، ان کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری رہے گا ، کوہ پیما علی سدپارہ کے فرزند ساجد سدپارہ ایک بہادر شخص ہیں۔یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے اپنے ایک پیغام میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت محمد علی سدپارہ کی پاکستان میں سیاحت کے لیے دی گئی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی سدپارہ کے لئے سرچ آپریشن جاری رہے گا اور پوری قوم اس مشکل وقت میں ان کے اہلخانہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ درین اثنا زلفی بخاری نے وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید کو کرپشن کے خلاف ان کی کاوشوں پر مبارکباد دی ہے۔اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے مراد سعید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کرپٹ عناصر آپ کو نشانہ بنائیں تو آپ اسے تعریف کے طور پر قبول کریں اور ہمیشہ کرپٹ مافیاز کو ایکسپوز کرتے رہیں۔