نیویارک………امریکہ میں طبی حکام نے کہاہے کہ وہ زیکا وائرس کے ایسے 14 معاملات کی تحقیقات کر رہے ہیں جن میں وائرس ممکنہ طور پر جنسی عمل کے نتیجے میں منتقل ہوا۔
حکام کے مطابق ایسے تمام معاملات میں مریض یا تو وائرس سے متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے والے مرد ہیں یا پھر ان کا تعلق ایسے مردوں سے رہا ہے جو متاثرہ علاقوں میں گئے تھے۔امریکہ میں زیکا وائرس کے متاثرین میں پہلی بار حاملہ خواتین بھی سامنے آئی ہیں۔طبی حکام کے مطابق ان معاملات کے سامنے آنے سے ثابت ہوا کہ جنسی طور پر زیکا وائرس کی منتقلی اس وائرس کے پھیلاؤ میں اندازے سے کہیں زیادہ کردار ادا کر رہی ہے۔امریکہ میں زیکا وائرس کے جنسی طور پر منتقل ہونے کا پہلا معاملہ رواں ماہ کے آغاز میں ریاست ٹیکساس میں منظر عام پر آیا تھا۔بظاہر اس مریض نے بھی وائرس سے متاثرہ ملک سے واپس آنے والے کسی فرد کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کیے تھے جس سے وائرس اس میں منتقل ہوگیا ٗتاحال امریکہ میں مچھروں کے ذریعے زکا وائرس کے منتقل ہونے کے شواہد نہیں ملے۔