آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا
اسلام آباد: ( اصغر علی مبارک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا۔ چند روز قبل مشکوک باؤلنگ ایکشن سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قانون کو تنقید کا نشانہ بنانے پر پی سی بی نے محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔اپنے جواب میں محمد حفیظ نے کہا کہ ’اپنے بیان میں آئی سی سی پر کوئی تنقید نہیں کی تھی، جبکہ برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو دیئے گئے میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔‘انہوں نے کہا کہ ‘میں نے تکنیکی نکتے پر بات کی تنقید نہیں کی، لیکن میری باتوں کا غلط مطلب لیا گیا۔‘واضح رہے کہ محمد حفیظ پر گزشتہ سال تیسری مرتبہ مشکوک باؤلنگ ایکشن کے سبب پابندی لگی تھی اور حال ہی میں انہوں نے اپنا ایکشن کلیئر کیا تھا تاہم گزشتہ دنوں انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران باؤلنگ ایکشن کے حوالے سے آئی سی سی کے قانون پر سوالات اٹھائے تھے۔
حفیظ نے اس انٹرویو میں کہا تھا کہ مشکوک ایکشن کے حوالے سے کئی چیزیں اثرانداز ہوتی ہیں، اس کا بورڈز کی طاقتور ہونے سے بہت تعلق ہے اور کوئی بھی ان کھلاڑیوں پر پابندی لگا کر تعلقات خراب کرنا نہیں چاہتا۔انہوں نے اس بات پر بھی حیرانی کا اظہار کیا تھا کہ آخر کوئی عام آنکھ باؤلنگ کرنے والے کے کندھے محض ایک یا دو ڈگری کے خم کو دیکھ سکتا تھا۔50 ٹیسٹ، 200ون ڈے اور 81 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے آل راؤنڈر نے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ’مجھے ایکشن مشکوک قرار دیئے جانے کے طریقہ کار پر شک ہے، یہ مشکوک ہے کیونکہ میچ ریفریز یا فیلڈ امپائرز ان کھلاڑیوں کے ایکشن کو کیوں نہیں دیکھتے جن کے کندھے میں 35 ڈگری تک خم آتا ہے لیکن انہوں نے میرا 16 ڈگری کا خم دیکھ لیا؟