کوشش ہوگی کہ آئندہ برس بھی فلم بینوں کومعیاری اورخوبصورت فلمو ں کاتحفہ دوں
لاہور(کلچرل رپورٹر)اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ انڈسٹری کے بحران کو دور کر نے کیلئے معیاری فلموں کی اشد ضرورت ہے ،میری کوشش ہوگی کہ آئندہ برس بھی فلم بینوں کومعیاری اورخوبصورت فلمو ں کاتحفہ دوں ۔ایک بیان میں انکاکہناتھاکہ 2015 فلم انڈسٹری کی ترقی کے لئے بہترین ثابت ہواہے میرے علاوہ دیگرفلمسازوں کی فلمیں بھی کامیابی سے ہمکنارہوئیں جنکی بدولت اس وقت درجنوں کی تعدادمیں نئی فلمیں بنائی جارہی ہیں۔میرے لیے یہ اعزازکی بات ہے کہ میری فلم جوانی پھرنہیں آنی رواں برس کی بہترین فلم قرارپائی ہے جس نے بھارتی فلموں کوبھی پیچھے چھوڑدیا ، میں اپنے نئے پراجیکٹس پربھی محنت کررہاہوں۔مذکورہ فلم کے سپرہٹ ہونے سے میری مزید حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے سب کومحنت کرنے کی ضرورت ہے ۔پاکستان میں جدیدٹیکنالوجی کے مطابق بننے والی فلموں سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے میں پرامیدہوں کہ آنیوالے وقت میں مزید کامیابیاں ملیں گی۔