شہید بھٹو کے بعد بی بی شہید اور اب بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا اور والدہ سے بھی بڑا جلسہ کر کے پارٹی کو نئے احیا کی طرف گامزن کردیا ہے، حاجی گلزار ، قاری فاروق
اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی نے عظیم الشان جلسہ کر کے ناقدین کے ساتھ ساتھ غیر مرئی قوتوں کو بھی ایک پیغام دیدیا ہے، شہید بھٹو کے لئے جیالوں نے ہمیشہ اپنے خون جگرجلا کر جدوجہد کی اور بی بی شہید کا بھی ہر موقع پر ساتھ دیا۔ آج بلاول بھٹو زرداری نے بھر پور عوامی قوت دکھا کر 80اور 90 کی دھائیوں کی یاد تازہ کردی ہے جب پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسوں سے مخالفین اور جمہوریت دشمنوں کے ایوان لرز جاتے تھے۔
ان خیالات کا اظہار نائب صدر پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن حاجی گلزار احمد اعوان اور پیپلز پارٹی یورپ کے سابق چیف آرگنائزر قاری فاروق احمد نے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیا۔ عظیم الشان ریلی حاجی محمد گلزار اعوان کی رہائش گاہ سے شروع ہوئی اور مختصر سے روٹ کو طے کرنے میں 5 گھنٹے کا طویل وقت لگا کیونکہ جیالوں کی کثیر تعداد ویسٹریج سے پریڈ گرائونڈ تک ریلی کے ساتھ رہی اور اپنے قائدین کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے راہنمائوں حاجی محمد گلزار اعوان (نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن)، ملک ظہیر ارشد (صدر پی پی پی راولپنڈی/چکلالہ کینٹ) اور ملک قاسم ادریس (جنرل سیکرٹری پی پی پی راولپنڈی/چکلالہ کینٹ) کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی کی صورت میں روانہ ہوئے۔
ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے بہت سے انتظامات کیے گئے تھے جس میں 3 سے 4ہزار لوگوں کیلئے کھانے پینے کا سامان اور ٹرانسپورٹ بھی شامل تھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنما این اے 54 سے امیدوار برائے قومی اسمبلی حاجی گلزار اعوان نے گزشتہ ایک ماہ سے ان انتظامات کیلئے پارٹی کو محرک کیے رکھا اور کارکنوں کی مدد سے اس کو کامیاب انجام تک پہنچایا۔