اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی پارلیمنٹ میں اچانک آمد کے موقع پر سکیورٹی اداروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ کیسے آئے، کیوں آئے، کی چہ مگوئیاں، چوہدری نثار علی خان نے پارلیمنٹ مسجد کیساتھ ملحقہ مولانا فضل الرحمن کے حجرہ میں قیام کے بعد چند سینیٹرز سے ملاقات کے لئے چلے گئے۔
گزشتہ روز دلچسپ صورتحال اس وقت پیداہوئی جب چوہدری نثار علی خان اچانک پارلیمنٹ آئے اور مولانا فضل الرحمن کے حجرہ میں بیٹھ گئے۔ اس موقع پر سکیورٹی اہلکاروں نے پہلے سلام اور پھر کلام کے بہانے چوہدری نثار کو چیک کیا تواس دوران صحافیوں نے بھی انہیں گھیر لیا۔ بعدازاں معلوم ہوا کہ چوہدری نثار علی خان چند اہم ملاقاتوں کے سلسلے میں پارلیمنٹ میں آئے تھے اور بعدازاں چلے گئے۔